اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

شاہد آفریدی کے بیان پر بھارت میں ہنگامہ! شیکھر دھون اور دانش کنیریا برس پڑے

شاہد آفریدی کے بیان پر بھارت میں ہنگامہ! شیکھر دھون اور دانش کنیریا برس پڑے

کراچی: (صدائے روس)

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے پہلگام واقعے پر بیان نے بھارت میں ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ دانش کنیریا کے بعد اب سابق بھارتی اوپنر شیکھر دھون بھی میدان میں آ گئے ہیں اور سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد آفریدی نے بھارتی فوج کی ناکامی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ “وہاں پر پٹاخہ بھی پھٹ جائے تو پاکستان پر نام لگادیا جاتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ بھارتی فوج ہونے کے باوجود یہ واقعہ ہوگیا، اس کا مطلب تم نالائق اور نکمے ہو جو لوگوں کو سکیورٹی نہیں دے سکے”۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ “2016 کے ٹی20 ورلڈکپ کے دوران جب حالات انتہائی کشیدہ تھے، تب بھی پاکستانی ٹیم بھارت گئی۔ ہمیں خود نہیں معلوم تھا کہ جانا ہے یا نہیں۔ کبڈی کی ٹیم تو بھارت آجاتی ہے لیکن کرکٹ ٹیم نہیں آتی۔ اگر تعلقات ختم کرنے ہیں تو ہر قسم کی سرگرمیاں بند کرو”۔ شاہد آفریدی کے اس جرات مندانہ بیان کے بعد دانش کنیریا نے حسبِ روایت بھارت نواز رویہ اپناتے ہوئے شاہد آفریدی پر تنقید کی اور ان کے مؤقف کو مسترد کر دیا۔

تاہم اب بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر شیکھر دھون بھی پیچھے نہ رہے اور انہوں نے سخت الفاظ میں آفریدی کو جواب دیتے ہوئے کہا: “کارگل میں بھی تمہیں ہرایا تھا، اور اب کتنے گرو گے؟ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے”۔

شیکھر دھون نے شاہد آفریدی کے بیان کو “انتہائی بے ہودہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے ملک کے حالات پر توجہ دینی چاہیے۔بھارتی کرکٹرز اور ان کے حامی سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی پر تنقید کر رہے ہیں اور ان کے بیان کو بھا رت مخالف قرار دے رہے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی حکومت نے بھی اس صورتحال سے بچنے کے لیے پاکستانی ٹی وی چینلز پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے پہلگام واقعے کو بھارت کی جانب سے رچایا گیا ڈراما قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ بغیر ثبوت پاکستان پر الزام لگانا ایک پرانا ہتھکنڈہ ہے، جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا ہے۔

Share it :