اسلام آباد: (صدائے روس)
پاکستان ایئرفورس کی برتری اور بروقت کارروائی کے باعث بھارتی رافیل طیارے خوف و ہراس کا شکار ہو کر فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، سکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب بھارتی ائیر فورس کے 4 رافیل طیاروں نے بھارتی جغرافیائی حدود میں رہتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے میں پیٹرولنگ کی کوشش کی۔
تاہم، پاکستان ایئرفورس کے مستعد طیاروں نے فوراً بھارتی جنگی جہازوں کی نقل و حرکت کو شناخت کر لیا۔ پاکستان ایئرفورس کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث بھارتی رافیل طیارے شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے اور بغیر کسی مداخلت کے اپنی حدود میں واپس بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستانی افواج ہر وقت دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار اور چوکنا ہیں۔ پاکستان ایئرفورس کی یہ فوری کارروائی ایک بار پھر اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کی فضائی سرحدوں کا دفاع ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔