اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

پہلگام واقعے کے اثرات: ہانیہ عامر کی بھارتی فلم سے ممکنہ چھٹی، فواد خان کی ‘ابیر گلال’ کی ریلیز پر بھی سوالیہ نشان

پہلگام واقعے کے اثرات: ہانیہ عامر کی بھارتی فلم سے ممکنہ چھٹی، فواد خان کی 'ابیر گلال' کی ریلیز پر بھی سوالیہ نشان

کراچی (صدائے روس)

“پہلگام واقعے کے بعد بھارتی فلموں میں پاکستانی اداکاروں کا مستقبل غیر یقینی — ہانیہ عامر اور فواد خان کے پروبھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کے بعد پاکستانی اداکاروں کے بولی وڈ میں جاری اور مجوزہ منصوبے مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، نہ صرف فواد خان کی فلم ‘ابیر گلال’ کی ریلیز کو روکا جا سکتا ہے بلکہ اداکارہ ہانیہ عامر کے کردار کو بھی فلم ‘سردار جی تھری’ سے نکالے جانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔

ہانیہ عامر، جن کے بارے میں پچھلے سال سے خبریں گردش میں تھیں کہ وہ مشہور پنجابی اداکار دلجیت دوسانجھ اور نیرو باجوہ کے ہمراہ فلم سردار جی تھری میں جلوہ گر ہوں گی، اب ممکنہ طور پر فلم سے نکالی جا رہی ہیں. ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، فلمی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد فلم کی ٹیم نے ان کا کردار مکمل طور پر حذف کرنے اور اس کی دوبارہ شوٹنگ کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

یہ اطلاعات اس وقت سامنے آئیں جب سوشل میڈیا پر ایک کامیڈین نے دعویٰ کیا تھا کہ ہانیہ عامر جلد ایک بھارتی فلم میں کام کرتی دکھائی دیں گی، تاہم نہ تو ہانیہ عامر نے اس کی تصدیق کی اور نہ ہی دلجیت دوسانجھ نے اس بارے میں کوئی تبصرہ کیا۔

اسی طرح فواد خان کی بولی وڈ فلم ابیر گلال جو 9 مئی 2025 کو ریلیز کے لیے شیڈول کی گئی تھی، اس کی ریلیز پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم کے ٹیزر اور گانے جو پہلے یوٹیوب پر جاری کیے گئے تھے، انہیں خاموشی سے ہٹا دیا گیا ہے، جس سے اس بات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ فلم کو ریلیز کی اجازت نہ دی جا سکے۔ اب تک فلم کی پروڈکشن ٹیم کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم فلمی حلقوں میں شدید بے چینی اور غیر یقینی کی فضا پائی جا رہی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے حساس حالات کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں پاکستانی فنکاروں کے حوالے سے پالیسی مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے.اس سے قبل بھی ماضی میں بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر کام کرنے پر پابندی عائد کی جا چکی ہے، اور موجودہ واقعات نے ایک بار پھر اسی بحث کو جنم دے دیا ہے۔

پہلگام واقعے کے بعد نہ صرف سیاسی بلکہ فنی دنیا بھی متاثر ہو رہی ہے۔ ہانیہ عامر اور فواد خان جیسے معروف پاکستانی فنکار، جو بالی وڈ میں اپنی شناخت بنا رہے تھے، اب غیر یقینی صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس تمام معاملے پر دونوں اداکاروں کی جانب سے خاموشی ہے، مگر فلمی دنیا میں اس کے اثرات بہت گہرے محسوس کیے جا رہے ہیں۔

Share it :