کیلیفورنیا (صدائے روس)
معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے اگلے فلیگ شپ اسمارٹ فون، ‘آئی فون 17’ کی لانچنگ اگرچہ ستمبر 2025 میں متوقع ہے، تاہم اس سے متعلق اہم معلومات اور خصوصیات پہلے ہی لیک ہو کر خبروں کی زینت بن چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، آئی فون 17 سیریز میں ڈیزائن اور ہارڈ ویئر کے شعبے میں نمایاں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ تصاویر سے اشارہ ملتا ہے کہ خاص طور پر پرو ورژن میں کیمرہ ماڈیول کے انداز کو مکمل طور پر نیا روپ دیا گیا ہے۔
تصاویر سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ نیا آئی فون اپنے سابقہ ماڈلز کی نسبت قدرے موٹا ہوگا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اس میں بڑی اور دیرپا بیٹری شامل کی گئی ہے — جو ایپل کی ڈیزائننگ حکمت عملی میں ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔
اس نئی سیریز میں ایپل کا جدید A19 Pro چپ متعارف کروایا جائے گا، جو کہ TSMC کے 3nm ٹیکنالوجی پر تیار کی گئی ہے۔ یہ چپ نہ صرف مصنوعی ذہانت (AI) کی فعالیت کو بہتر بنائے گی بلکہ بیٹری کی کارکردگی اور ایک ساتھ کئی ایپلی کیشنز چلانے کی صلاحیت کو بھی نئے معیار پر لے جائے گی۔