عیدالاضحیٰ قربانی، ایثار اور اتحاد کا درس دیتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا قوم کے نام پیغام
ماسکو (صداۓ روس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم دن حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اطاعت، ایثار اور قربانی کی یاد دلاتا ہے، جو ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ ہم اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر دوسروں کی فلاح اور بہتری کے لیے کام کریں۔ یہ دن محبت، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا پیغام لے کر آتا ہے۔
وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ وہ اس موقع پر ان ضرورت مندوں اور محروم طبقوں کو نہ بھولیں جو ہماری توجہ اور امداد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ اپنی خواہشات، وقت، اور وسائل دوسروں کی بھلائی کے لیے وقف کرنا بھی ایک بڑی قربانی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ یہ عید پاکستان اور پوری امت مسلمہ کے لیے خیر، امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے اور ہم سب کو اخوت، محبت اور قربانی کے جذبے کو اپنانے کی توفیق دے۔