اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

روس نے کولمبیا کے کرائے کے فوجی کو 28 سال قید کی سزا سنا دی

Russian Court

روس نے کولمبیا کے کرائے کے فوجی کو 28 سال قید کی سزا سنا دی

ماسکو (صداۓ روس)

روس کی ایک عدالت نے کولمبیا کے شہری پابلو پونتیس بورخیس کو یوکرین کی جانب سے کرُسک ریجن میں مسلح دراندازی میں حصہ لینے کے جرم میں 28 سال قید کی سزا سناتے ہوئے 10 لاکھ روبل (تقریباً 12,700 امریکی ڈالر) کا جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے۔ روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے منگل کے روز فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بورخیس کو کرائے کے فوجی ہونے، دہشتگردی، غیر قانونی سرحد پار کرنے، اسلحے کی اسمگلنگ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے جیسے سنگین جرائم میں مجرم قرار دیا گیا ہے۔

تحقیقات کے مطابق، بورخیس نے 2024 کے آخر میں رضاکارانہ طور پر یوکرین کی 47ویں علیحدہ مکینائزڈ بریگیڈ میں شمولیت اختیار کی اور کرُسک ریجن کے سودژانسکی ضلع میں ایک منظم سرحد پار حملے میں شرکت کی، جس کا مقصد مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیلانا، بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا اور انتظامی نظام کو درہم برہم کرنا تھا۔ روسی فورسز نے بورخیس کو الیگزینڈرینکا گاؤں کے قریب یوکرینی یونٹس سے جھڑپ کے دوران گرفتار کیا۔ حکام کے مطابق، اس نے تفتیش کے دوران اپنے جرائم کا اعتراف بھی کیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق، بورخیس ابتدائی پانچ سال قید خانہ میں گزارے گا، جبکہ باقی سزا سخت پہرے والی جیل میں کاٹے گا۔ مزید برآں، حکام نے اس کے قبضے سے 2,90,000 روبل (تقریباً 2,900 امریکی ڈالر) ریاست کے حق میں ضبط کر لیے ہیں۔

یہ پہلا واقعہ نہیں ہے کہ روس نے غیر ملکی شہریوں کو یوکرین کے لیے لڑنے پر سزا دی ہو۔ رواں سال مارچ میں ایک برطانوی شہری جیمز اسکاٹ رِیس اینڈرسن کو بھی اسی طرح کے الزامات کے تحت 19 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ حکام کا کہنا تھا کہ وہ یوکرینی افواج کے ساتھ روسی سرحد میں داخل ہوا اور عام شہریوں کے خلاف جرائم میں ملوث رہا۔

ماسکو بارہا انتباہ کرتا رہا ہے کہ یوکرین کے لیے لڑنے والے غیر ملکی افراد کو کرائے کے جنگجو تصور کیا جائے گا، اور ان پر بین الاقوامی قوانین یا جنیوا کنونشن کا تحفظ لاگو نہیں ہوگا۔

دسمبر 2024 میں روس کی عسکری سیکیورٹی اور اسلحہ کنٹرول سے متعلق ویانا مذاکرات میں روسی وفد کی قائم مقام سربراہ یولیا ژدانوا نے بتایا تھا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 110 ممالک کے تقریباً 15,000 غیر ملکی جنگجو یوکرین میں داخل ہوئے، جن میں اکثریت پولینڈ، امریکہ اور جارجیا کے شہریوں کی تھی۔ ان میں سے قریب 6,500 جنگ میں مارے جا چکے ہیں۔

Share it :