چین کا اپنےشہریوں کو فوری اسرائیل چھوڑنے کا حکم
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث چین نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر اسرائیل چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات انتہائی نازک اور خطرناک ہو چکے ہیں، اس لیے اسرائیل میں مقیم تمام چینی شہری اپنی سلامتی کو مدِنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر ملک سے روانہ ہو جائیں۔ اعلامیے کے مطابق اسرائیل کی فضائی حدود میں بندش کے باعث ہوائی سفر ممکن نہیں رہا، لہٰذا شہریوں کو اردن کے ساتھ متصل تین زمینی سرحدی راستوں کے ذریعے ملک چھوڑنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ان راستوں میں اردن دریا کراسنگ، ایلن بی پل، اور اِسحٰق ربین کراسنگ شامل ہیں۔
چین نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوامی اجتماعات، حساس مقامات اور دیگر پرہجوم علاقوں سے دور رہیں، اور ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی دشمنی اور فوجی کارروائیوں کے باعث خطے کی مجموعی صورت حال نہایت سنگین ہو چکی ہے، جس میں متعدد جانی و مالی نقصانات بھی ہو چکے ہیں۔ چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور انہیں بروقت سفارتی مدد فراہم کی جائے گی۔