عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی ردعمل دینا ہوگا، روسی صدر
سینٹ پیٹرزبرگ (اشتیاق ہمدانی)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ آج کی دنیا کو درپیش عالمی چیلنجز کا مقابلہ صرف اجتماعی کوششوں اور عالمی تعاون سے ہی ممکن ہے، اور اب یہ ممکن نہیں رہا کہ کوئی ملک تنہا یا دوسروں کی قیمت پر ان مسائل کو حل کر سکے۔ وہ سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کے مرکزی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر پوتن کا کہنا تھا کہ آج کے عالمی چیلنجز کا تقاضا ہے کہ ان کا جواب بھی عالمی سطح پر دیا جائے۔ صدر کے مطابق یہ ایک خام خیالی ہے کہ کوئی ملک ان مسائل کو تنہا یا کسی دوسرے کے نقصان پر حل کر سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ دور میں تہذیب کی ترقی اور عالمی استحکام صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب مختلف ممالک مشترکہ اقدامات کریں اور عالمی اداروں کے ذریعے باہمی تعاون کو فروغ دیں۔
روسی رہنما نے بریکس جیسے پلیٹ فارمز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایسے اجتماعی فورمز کے ذریعے ہم پوری تہذیب کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھ سکتے ہیں۔ صدر پوتن کے یہ خیالات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی، اقتصادی غیر یقینی صورتحال، جغرافیائی کشیدگی اور عالمی مالیاتی نظام کے بحران جیسے پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے، اور بین الاقوامی برادری سے بھرپور تعاون اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔