امریکی وزیر خارجہ کا وزیراعظم شہباز شریف کو فون
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیونے ٹیلی فون کیا اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کرانے کیلئے صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا ۔ انہوں نے پاک بھارت جنگ بندی میں بھی امریکہ کے کلیدی کردار پر سیکریٹری مارکوروبیو کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنانے اور خاص طور پر تجارت میں اضافے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قیام امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔