اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

بالاکوٹ سے ناران تک تجاوزات ہٹانے کا آپریشن جاری

naran

بالاکوٹ سے ناران تک تجاوزات ہٹانے کا آپریشن جاری

اسلام آباد (صداۓ روس)
سوات سانحے کے بعد چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے بالاکوٹ میں دریائے کنہار کے کناروں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پولیس کی نگرانی میں شروع کیے گئے اس آپریشن کے دوران نہ صرف دریا کے کنارے قائم غیر قانونی تعمیرات کو ہٹایا جا رہا ہے بلکہ سیاحوں کی حفاظت کے پیشِ نظر دریا کے بیچوں بیچ موجود خشک پٹیوں کو بھی ختم کیا جا رہا ہے۔ کے ڈی اے کے ٹیکنیکل اسٹاف کی جانب سے بھاری مشینری کے ذریعے وہ مقامات بھی صاف کیے جا رہے ہیں جہاں سیاح اکثر بیٹھ کر ناشتہ کرتے یا سیلفیاں بناتے ہیں، جو مون سون کے دوران ممکنہ حادثات کا باعث بن سکتے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق یہ آپریشن بالاکوٹ سے ناران تک جاری رہے گا اور مختلف مقامات پر کے ڈی اے کی ٹیمیں پیٹرولنگ کے ذریعے سیاحوں کو دریا سے دور رہنے کی تلقین کر رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک مقامات سے گریز کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Share it :