آسٹریلیا: نرسری ورکر کی گرفتاری کے بعد 1200 بچوں کے طبی ٹیسٹ کی ہدایت
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
آسٹریلوی ریاست وکٹوریا میں والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے 1,200 بچوں کا انفیکشن بیماریوں کے لیے طبی معائنہ کروائیں، کیونکہ ایک چائلڈ کیئر ورکر پر جنسی زیادتی کے 70 سے زائد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ 26 سالہ جاشوا ڈیل براؤن کو وکٹوریا پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے 2022 اور 2023 کے دوران میلبرن کے ایک نرسری مرکز میں 5 ماہ سے 2 سال کے درمیان عمر کے 8 بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ پولیس کے مطابق، اگرچہ یہ الزامات فی الحال صرف ان 8 بچوں سے متعلق ہیں، لیکن براؤن 2017 سے اب تک 19 دیگر چائلڈ کیئر مراکز میں بھی کام کر چکا ہے، اس لیے مزید متاثرہ بچوں کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
وکٹوریا پولیس کی قائم مقام کمانڈر جینیٹ سٹیونسن نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ چیک کریں آیا ان کا بچہ براؤن کے رابطے میں آیا تھا یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ براؤن کے خلاف تفتیش کا آغاز رواں سال مئی میں ہوا جب اس کے قبضے سے بچوں سے متعلق فحش مواد برآمد ہوا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے گھر پر چھاپے کے بعد نہ صرف اسے گرفتار کیا گیا بلکہ مبینہ متاثرہ بچوں کی شناخت بھی عمل میں لائی گئی۔ صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ان مراکز میں موجود 2600 بچوں کی فہرست تیار کی جا چکی ہے، جن میں سے 1200 بچوں کو ممکنہ انفیکشنز کی جانچ کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاہم حکام نے ان بیماریوں کی تفصیل نہیں بتائی، صرف یہ کہا کہ وہ قابلِ علاج ہیں اور ان کا علاج اینٹی بایوٹکس سے ممکن ہے۔ جاشوا براؤن کے خلاف بچوں سے جنسی زیادتی، فحش مواد کی تیاری و ترسیل اور دیگر جرائم کے الزامات شامل ہیں۔ تمام 8 متاثرہ بچے “کریئیٹو گارڈنز ارلی لرننگ سینٹر” میں زیرِ تعلیم تھے۔
ریاست وکٹوریا کی وزیرِاعلیٰ جیسنٹا ایلن نے کہا کہ یہ الزامات “انتہائی دل دہلا دینے والے اور ناقابلِ برداشت” ہیں۔ انہوں نے کہا میرا دل ان والدین کے لیے بے چین ہے جو ہر ماں باپ کا بدترین خواب جھیل رہے ہیں۔ ایک ماں ہونے کے ناطے میں ان کے درد اور کرب کا بخوبی اندازہ لگا سکتی ہوں۔ براؤن ستمبر میں عدالت میں پیش ہوگا۔ پولیس اور صحت کے حکام متاثرہ خاندانوں کو مکمل معاونت فراہم کر رہے ہیں۔