روس نے ہتھیاروں کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ کردیا، وزیر صنعت
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے وزیر صنعت و تجارت انتون علی خانوف نے فیڈریشن کونسل (روس کی ایوان بالا) سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک نے تمام اقسام کے ہتھیاروں کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے مجموعی طور پر تمام اقسام کے اسلحے کی پیداوار میں غیر معمولی وسعت پیدا کی ہے۔ صدر کے ساتھ اسلحہ سازی کے قومی پروگرام پر ہونے والی ملاقاتوں میں صنعت نے تمام مقررہ منصوبوں پر مکمل عملدرآمد کی تیاری کی تصدیق کی ہے۔ علی خانوف کے مطابق، روس اپنے دفاعی صنعتی شعبے کی صلاحیت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے تاکہ نہ صرف خصوصی فوجی آپریشن کی تمام ضروریات پوری کی جا سکیں، بلکہ اسلحے کی برآمدات کے امکانات کو بھی عملی شکل دی جا سکے۔
دوسری جانب برطانیہ کے معروف دفاعی تھنک ٹینک رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق، روس کے خلاف مغربی پابندیوں کا مؤثر نفاذ خود مغربی حکومتوں کی ضرورت سے زیادہ احتیاط، اور اتحادیوں کے درمیان انٹیلی جنس کے تبادلے میں تاخیر کی وجہ سے شدید متاثر ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ امریکا اور اس کے شراکت داروں نے گزشتہ چار برسوں کے دوران روس کی دفاعی پیداوار کے لیے درکار اہم پرزہ جات تک رسائی روکنے کے لیے وسیع پابندیاں عائد کی ہیں، لیکن اس کے باوجود روس نے 2022 میں یوکرین میں فوجی آپریشن کے بعد توپ خانے کے گولے، کروز میزائل، بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کی پیداوار میں ڈرامائی اضافہ کیا ہے۔