پشاور میں محرم الحرام میں امام بارگاہوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی
اسلام آباد (صداۓ روس)
پیسکو نے محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں اور جلوسوں کے راستوں پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ترجمان پیسکو کے مطابق 9 اور 10 محرم کے دوران امام بارگاہوں کو بجلی فراہم کرنے والے فیڈرز پر 24 گھنٹے بلا تعطل بجلی مہیا کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے پیسکو کے 94 فیڈرز کو مخصوص کیا گیا ہے۔ ان میں پشاور، خیبر، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور مظفرآباد کے مختلف علاقوں کے فیڈرز شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ان تمام علاقوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عزادارانِ امام حسینؑ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پیسکو ہیڈ آفس میں اس موقع پر ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں سینئر افسران ڈیوٹی انجام دیں گے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں گے۔ جلوسوں کے روٹس پر تمام لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں کو ہٹا دیا گیا ہے تاکہ کسی قسم کے حادثے کا خدشہ نہ رہے۔ پیسکو کی آپریشن ٹیموں کو محرم کے ان دو دنوں کے دوران ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ان ٹیموں کو اضافی ٹرانسفارمرز اور دیگر ضروری سامان بھی فراہم کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ ترجمان پیسکو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی شکایت یا بجلی سے متعلق مسئلے کی صورت میں وہ فوری طور پر پیسکو کی ہیلپ لائن 118 پر رابطہ کریں۔