ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس پُرامن ماحول میں برآمد
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان بھر میں ۹ محرم الحرام ۱۴۴۷ھ کے جلوسِ عزا مذہبی عقیدت، احترام اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت برآمد کیے گئے۔ مختلف شہروں میں مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ صبح سے ہی شروع ہو گیا، جن میں عزادارانِ امام حسینؑ نے ماتم، نوحہ خوانی اور ذکرِ شہادتِ اہلِ بیتؑ میں شرکت کی۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، ملتان، سرگودھا، سکھر، فیصل آباد، اور دیگر شہروں میں جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں رہے، جبکہ اختتام پر مجالس برپا کی گئیں۔ عزاداران نے امام حسینؑ اور اُن کے جانثار ساتھیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک رہے۔ موبائل فون سروس متعدد علاقوں میں عارضی طور پر معطل رہی، جبکہ ڈرون کیمرہ، سی سی ٹی وی نگرانی، داخلی راستوں پر چیکنگ اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے سخت سیکیورٹی یقینی بنائی گئی۔
طبی امداد کے لیے جلوس کے راستوں پر ریسکیو، ایمبولینس اور فری میڈیکل کیمپس کا بھی انتظام کیا گیا، جبکہ عزاداروں کو پانی، شربت اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے سبیلیں قائم تھیں۔ ملک بھر میں ۹ محرم کے جلوس پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے، جبکہ کل ۱۰ محرم الحرام کو یومِ عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ انتظامیہ نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ یومِ عاشور کے جلوس بھی پُرامن انداز میں مکمل ہو سکیں۔