اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

یوم عاشور پر ملک بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس برآمد

muharram

یوم عاشور پر ملک بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس برآمد

اسلام آباد (صداۓ روس)
یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر میں نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقائے شہادت کی عظیم قربانی کی یاد میں جلوس ہائے عزا برآمد ہوئے ہیں۔ شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں میں عزاداروں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکلی، جنہوں نے ماتم، نوحہ خوانی اور زنجیر زنی کے ذریعے کربلا کے عظیم المیے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، ملتان، گلگت، مظفر آباد سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ جلوسوں کے راستوں کو کنٹینرز، خاردار تاروں اور پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری کے ذریعے محفوظ بنایا گیا۔ مختلف مقامات پر رضاکاروں نے سبیلیں، نیاز اور میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے۔

یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسبِ روایت اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتامی مقامات پر پہنچا۔ عزاداری کے دوران علم، تعزیہ اور ذوالجناح بھی جلوس کا حصہ رہے، جنہیں دیکھ کر عزادار پرجوش ہو کر ماتم کرتے رہے۔

علمائے کرام نے مجالس عزا میں فلسفۂ شہادتِ حسینؑ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام نے ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہو کر رہتی دنیا تک مظلوموں کے لیے راستہ دکھایا۔ اُن کی قربانی اسلام کی بقاء کا باعث بنی۔

جلوسوں کے دوران مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل ہے، جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا گیا۔ یوم عاشور پر طبی عملے، ریسکیو ٹیموں اور سیکیورٹی اداروں کی ہمہ وقت موجودگی یقینی بنائی گئی ہے۔ مجموعی طور پر ملک بھر میں عاشورہ پُرامن ماحول میں جاری ہیں اور اپنے مقررہ وقت پر اختتام پذیر ہوں گے.

Share it :