اسلام آباد میں نویں سالانہ آم فیسٹیول کا آغاز، پاکستان بھر کی مشہور اقسام کی نمائش
اسلام آباد (صداۓ روس)
اسلام آباد میں نویں سالانہ آم فیسٹیول کا رنگا رنگ آغاز ہو گیا، جس کا افتتاح وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثناءاللہ خان نے کیا۔ فیسٹیول میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے لائے گئے مشہور اقسام کے آم نمائش کے لیے پیش کیے گئے، جن میں دوسہری، سندھڑی، انور رٹول، لنگڑا، ایس بی چونسا اور سفید چونسا شامل ہیں۔ اس موقع پر رانا ثناءاللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آم پاکستان کا قومی پھل ہے اور اس کی کاشت، پیداوار اور برآمدات ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فیسٹیولز نہ صرف پاکستانی زراعت اور کسانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستانی آم کی شناخت کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ فیسٹیول میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف ذائقوں اور خوشبوؤں سے بھرپور آموں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے فیسٹیولز سے زراعت، کسانوں اور پاکستانی آم کی عالمی سطح پر پہچان کو فروغ ملتا ہے۔