پنجاب اور بلوچستان میں موسلادھار بارشیں، نشیبی علاقے زیرِ آب
اسلام آباد(صداۓ روس)
پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں رات بھر جاری رہنے والی موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈیرہ غازی خان، کمالیہ، اور کوہلو میں گلی محلوں میں کئی فٹ پانی جمع ہو چکا ہے جبکہ کئی گھروں اور دکانوں میں بھی پانی داخل ہو گیا ہے۔ تونسہ، کوہِ سلیمان اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر، پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان کے چند علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ صدر بازار، لیاقت بازار، کمیٹی روڈ اور قائداعظم روڈ پر پانی جمع ہے، جبکہ تونسہ کے مشرقی علاقوں میں 20 سے زائد کچی بستیاں زیرِ آب آ چکی ہیں۔ متاثرہ خاندان محفوظ مقامات کی تلاش میں نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں، جبکہ کئی علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو چکا ہے۔
کمالیہ میں کچہری، اسسٹنٹ کمشنر آفس، اور اقبال بازار سمیت اہم سڑکیں پانی میں ڈوب چکی ہیں۔ بارش کے باعث کئی فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ ماموں کانجن روڈ کے اطراف سیوریج نظام شدید متاثر ہے۔ گجرات، حافظ آباد، اور کوہلو سمیت کئی دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ تمام ضروری اقدامات مکمل ہیں، تاہم مقامی افراد حکومتی امداد کی منتظر ہیں اور اپنے گھروں سے باہر نکلنے کو تیار نہیں۔