خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگے، حکومت نے قیمتوں میں اضافہ کر دیا

petrol pump

پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگے، حکومت نے قیمتوں میں اضافہ کر دیا

اسلام آباد (صداۓ روس)
ملک بھر میں عوام کو ایک اور مہنگائی کا جھٹکا دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ خزانہ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 272 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب، ہائی اسپیڈ ڈیزل 11 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو کر اب 284 روپے 35 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ پیٹرول پر لیوی بدستور 75 روپے 52 پیسے جبکہ ڈیزل پر 74 روپے 51 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

دوسری طرف، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 10 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس سے نئی قیمت میں معمولی ریلیف ملے گا۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 1 روپے 85 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ یکم جولائی کو بھی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس کے تحت پیٹرول 8 روپے 36 پیسے اور ڈیزل 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق، حالیہ اضافے سے مہنگائی کی لہر مزید شدت اختیار کر سکتی ہے اور عوامی حلقوں میں بے چینی بڑھنے کا امکان ہے۔ تاہم، حکومت کا مؤقف ہے کہ قیمتوں میں رد و بدل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں، کرنسی شرحِ تبادلہ، اور درآمدی اخراجات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

شئیر کریں: ۔