اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

گوادر سے عمان تک فیری سروس کا منصوبہ زیرِ غور ہے، پاکستان

ferry

گوادر سے عمان تک فیری سروس کا منصوبہ زیرِ غور ہے، پاکستان

اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گوادر سے عمان تک فیری سروس کے آغاز پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف زائرین بلکہ مقامی آبادی کو بھی سفری سہولت میسر آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے علاقائی روابط مضبوط ہوں گے اور عوام کے لیے بین الاقوامی سفر آسان ہوگا۔ یہ بات انہوں نے وفاقی وزارت برائے بحری امور کے زیرِ صدارت منعقدہ ایک اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں گوادر کی ترقی، عوامی سہولتوں کی فراہمی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے جیسے اہم معاملات پر غور کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دہانی کروائی کہ حکومتِ بلوچستان فیری سروس کے منصوبے میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی بندرگاہ کو فعال اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے گوادر پورٹ اتھارٹی کی جانب سے قائم کردہ واٹر پلانٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت روزانہ بارہ لاکھ گیلن پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوگی، جو گوادر کے شہریوں کے لیے ایک دیرینہ مسئلے کا مستقل حل فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو حکومتِ بلوچستان کی مکمل حمایت حاصل ہوگی تاکہ گوادر نہ صرف علاقائی بلکہ قومی معیشت کا ایک مضبوط ستون بن سکے۔ وزیرِاعلیٰ نے واضح کیا کہ گوادر کی ترقی دراصل بلوچستان کی ترقی ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام تر وسائل اور توانائیاں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔

Share it :