بلوچستان میں غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کے قتل کا ایک ملزم گرفتار
کوئٹہ (صداۓ روس)
بلوچستان میں غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کے قتل کا ایک ملزم گرفتارلوچستان میں خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔ ترجمان حکومتِ بلوچستان شاہد رند کے مطابق وزیرِاعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی ہے، جس کے بعد ویڈیو میں نظر آنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ویڈیو بظاہر عیدالاضحیٰ کے قریب بنائی گئی ہے، تاہم ابھی تک مقتولین کی لاشیں برآمد نہیں ہو سکیں۔ واقعے کی جگہ کا تعین تاحال نہیں ہو پایا، لیکن متعلقہ علاقے میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی بھاری نفری موجود ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
شاہد رند کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں موجود دیگر افراد کی شناخت کے لیے نادرا کو ڈیٹا بھیجا گیا ہے، جبکہ موٹرسائیکل پر موجود نمبر پلیٹ کا سراغ لگانے کے لیے اسے محکمہ ایکسائز کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں خاندانوں کی جانب سے تاحال واقعے کی رپورٹ درج نہیں کروائی گئی، تاہم ریاست خود مدعی بن کر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔ صوبائی حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس بہیمانہ قتل میں ملوث تمام عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔