خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان کشیدگی پر شدید تشویش ہے، روس

Maria Zakharova

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان کشیدگی پر شدید تشویش ہے، روس

ماسکو (صداۓ روس)
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی تنازع نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے اور دونوں ممالک کے مابین مسلح جھڑپوں کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ روس نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل سے کام لینے اور پرامن مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی اپیل کی ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ، “روس کو تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان کشیدگی میں اضافے پر تشویش ہے۔ ہم فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔” انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں جاری متعدد سرحدی تنازعات دراصل مغرب کی نوآبادیاتی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک آسیان کی روح کے مطابق اتحاد اور یکجہتی سے مسائل کا حل تلاش کریں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق آج صبح دونوں ملکوں کے درمیان کمبوڈیا کے صوبہ اُدار مینشے میں ایک متنازع سرحدی علاقے میں جھڑپیں ہوئیں۔ تھائی فوج نے الزام لگایا کہ کمبوڈین افواج نے دراندازی کی جس کے بعد تھائی جنگی طیاروں نے فضائی حملے کیے۔ دوسری جانب کمبوڈین وزارتِ دفاع نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی فوج نے صرف دفاعی کارروائی کی اور یہ جواب تھا تھائی افواج کی جانب سے اپنی سرزمین پر داخل ہونے کے بعد۔ ان جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم 11 عام شہری اور ایک تھائی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ تھائی لینڈ کے وزیر صحت سمساک تھیپ سو تھن نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ روسی سفارت خانے نے تھائی لینڈ میں موجود روسی سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کمبوڈیا کی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں سفر سے گریز کریں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر فوری طور پر سفارتی اقدامات نہ کیے گئے تو یہ تنازع خطے میں ایک بڑے جنگی بحران کو جنم دے سکتا ہے۔ عالمی برادری، بالخصوص آسیان ممالک، کی ذمہ داری ہے کہ وہ ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے خطے میں امن و امان قائم رکھنے میں کردار ادا کریں۔

شئیر کریں: ۔