روس نے ایرانی سیٹلائٹ کو مدار میں پہنچا دیا
ماسکو (صداۓ روس)
روس نے مشرق بعید کے وسطوچنی خلائی مرکز سے سوز راکٹ کے ذریعے ایرانی مواصلاتی سیٹلائٹ نہید-۲ کو کامیابی سے مدار میں بھیج دیا۔ اس مشن کے دوران ۲۰ سے زائد سیٹلائٹس بھیجے گئے، جن میں دو روسی سائنسی سیٹلائٹس، ۱۸ چھوٹے تجارتی سیٹلائٹس اور ایران کا سیٹلائٹ شامل ہے۔ نہید-۲ کو ایران کے خلائی تحقیقاتی مرکز نے تیار کیا ہے اور اسے ایران کی خلائی ایجنسی کے ساتھ تجارتی معاہدے کے تحت خلا میں بھیجا گیا۔ یہ سیٹلائٹ زمین کے قریبی مدار میں کام کرے گا اور ایران کی خلا سے متعلق صلاحیتوں کو وسعت دینے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ روس اور ایران کے درمیان خلائی تعاون میں تیزی آ رہی ہے۔ دونوں ممالک نے رواں سال جنوری میں بیس سالہ جامع اسٹریٹیجک شراکت داری کا معاہدہ کیا تھا، جس میں توانائی، سائنس اور ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے ساتھ ساتھ خلائی شعبے میں اشتراک شامل ہے۔
واضح رہے کہ روس مختلف ممالک کے لیے تجارتی بنیادوں پر سیٹلائٹ لانچ کرتا ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں روس نے وسطوچنی مرکز سے ایک ہی مشن میں ۵۳ سیٹلائٹس خلا میں بھیج کر نیا ریکارڈ قائم کیا تھا، جن میں ایران، زمبابوے اور روس-چین کا مشترکہ سیٹلائٹ بھی شامل تھا۔