پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کا امکان، اسحاق ڈار کا دعویٰ
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ایک اہم تجارتی معاہدہ “چند دنوں” میں حتمی شکل اختیار کر سکتا ہے، تاہم واشنگٹن کی جانب سے اس حوالے سے کوئی واضح ٹائم لائن یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔ یہ بیان وزیر خارجہ ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کے بعد دیا۔ اس موقع پر ڈار نے کہا میرے خیال میں ہم امریکہ کے ساتھ معاہدہ حتمی شکل دینے کے بہت قریب ہیں۔ ہماری ٹیمیں واشنگٹن میں موجود رہی ہیں، ورچوئل اجلاس بھی جاری ہیں، اور وزیراعظم نے اس معاہدے کو فائن ٹیون کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔
تاہم امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے بیان میں کسی معاہدے کے قریب ہونے یا کسی مخصوص مدت کا ذکر نہیں کیا۔ دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیانات میں صرف اس بات پر زور دیا گیا کہ ملاقات کے دوران “دو طرفہ تجارت میں توسیع، معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے” پر تبادلہ خیال ہوا۔واضح رہے کہ پاکستان معاشی مشکلات سے دوچار ہے اور ایسے میں امریکہ جیسے اہم تجارتی شراکت دار کے ساتھ معاہدہ اسلام آباد کے لیے بڑی پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ پاکستان کی برآمدات، خاص طور پر ٹیکسٹائل اور معدنی وسائل کے شعبے میں نمایاں بہتری لا سکتا ہے۔
تاہم ابھی تک امریکی حکام کی طرف سے اس تجارتی معاہدے کی کوئی تفصیلات یا تاریخ ظاہر نہیں کی گئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن اس معاملے میں محتاط انداز اپنائے ہوئے ہے۔