اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

جنوبی افریقہ میں چھ ٹن وزنی ہاتھی کا مہلک حملہ، سفاری پارک کے مالک ہلاک

elephant attack

جنوبی افریقہ میں چھ ٹن وزنی ہاتھی کا مہلک حملہ، سفاری پارک کے مالک ہلاک

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جنوبی افریقہ کے معروف گونڈوانا پرائیویٹ گیم ریزرو میں ہاتھی کے خوفناک حملے میں سفاری پارک کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایف سی کونراڈی جان کی بازی ہار گئے۔ 39 سالہ کونراڈی کو اس وقت ہاتھی نے روند ڈالا جب وہ سیاحوں کے لاجز کے قریب موجود ہاتھیوں کو وہاں سے ہٹانے کی کوشش کر رہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک چھ ٹن وزنی افریقی نر ہاتھی نے اچانک ان پر حملہ کر دیا، پہلے اسے اپنے نوکدار دانتوں سے زخمی کیا اور پھر بار بار پاؤں تلے کچل دیا۔ واقعہ صبح آٹھ بجے پیش آیا، تاہم رینجرز کی فوری مداخلت کے باوجود ایف سی کونراڈی کو بچایا نہ جا سکا۔ گونڈوانا ریزرو کے عملے کا کہنا ہے کہ ایف سی کونراڈی کو ہاتھیوں اور قدرتی حیات سے گہرا لگاؤ تھا اور وہ اکثر تنہا ان کی تصاویر لینے کے لیے میدان میں نکلتے تھے۔ ان کی اہلیہ، لا-ایڈا، جو گزشتہ دس برس سے ان کی شریک حیات تھیں، اس واقعے کے بعد شدید صدمے میں ہیں۔

ریزرو کے ترجمان نے کہا ایف سی ایک وژنری اور پُرجوش فطرت دوست تھے جن کی قیادت اور عزم نے گونڈوانا کو جنوبی افریقہ کے نمایاں نجی گیم ریزروز میں شامل کر دیا۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، جبکہ جنوبی افریقی پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر موجود ہاتھی کو علاقے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ایک باضابطہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ یہ گونڈوانا پارک میں ایک سال کے دوران ہاتھی کے ہاتھوں دوسرا مہلک واقعہ ہے۔ مارچ میں بھی ایک ملازم، ڈیوڈ کانڈیلا، جو ایک سیاحتی مقام پر ہاتھیوں کے ریوڑ کی رہنمائی کر رہا تھا، اچانک حملے کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا تھا۔ واضح رہے کہ افریقی نر ہاتھی دنیا کے سب سے بڑے زمینی جانوروں میں شمار ہوتے ہیں، جن کا وزن چھ ٹن تک ہوتا ہے، یہ جانور 13 فٹ اونچے اور 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہر سال براعظم افریقہ میں ہاتھیوں کے حملوں میں لگ بھگ 500 افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔ ایف سی کونراڈی کے انتقال پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، اور ان کی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کے دوستوں، خاندان اور گونڈوانا ٹیم نے ان کے لیے دعا گو ہوتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا جذبہ اور وژن ہمیشہ زندہ رہے گا۔

Share it :