یوکرین سے تعلقات کا فیصلہ جنگی اہداف کی تکمیل کے بعد ہوگا، روس
ماسکو(صداۓ روس)
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ یوکرین کے ساتھ روس کے مستقبل کے تعلقات کے اصول اس وقت طے کیے جائیں گے جب خصوصی فوجی کارروائی کے مقاصد پورے ہو جائیں گے۔ روسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت یہ موضوع محض نظریاتی ہے کیونکہ اصل مسئلہ ابھی حل طلب ہے۔پیسکوف کے مطابق روس کی ترجیح ہے کہ یہ مقاصد سیاسی و سفارتی ذرائع سے حاصل کیے جائیں، تاہم یہ بات افسوسناک ہے کہ یوکرین اور اس کے مغربی سرپرستوں نے بات چیت کی تمام تجاویز کو مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں فریق سفارتی تصفیے کی راہ پر گامزن ہونے میں کامیاب ہو جائیں تو یہ روس کے لیے ایک قابل قبول صورتِ حال ہوگی، مگر اس سے پہلے موجودہ صورتِ حال کا حل نکالنا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ 23 جولائی کو روس اور یوکرین کے درمیان استنبول میں براہِ راست مذاکرات کا تیسرا دور ہوا، جس کے بعد قیدیوں کے تبادلے اور انسانی امداد کے سلسلے میں چند اہم فیصلے کیے گئے۔ روس نے یوکرین کو مزید تین ہزار فوجیوں کی لاشیں حوالے کرنے اور محاذ جنگ پر زخمیوں کے انخلا اور لاشوں کی بازیابی کے لیے مختصر وقفے دینے کی بھی پیشکش کی ہے۔