اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

یِکاتیرِنبرگ میں پاکستانی سفیر کی ڈپٹی گورنر سوردلوفسک سے ملاقات — دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر زور

یِکاتیرِنبرگ (صدائے روس) — اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر برائے روس، محترم محمد خالد جمالی نے اپنے دورہ یِکاتیرِنبرگ کے دوران سوردلوفسک ریجن کے ڈپٹی گورنر جناب واسِیلی کوزلُوف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو سراہا، بالخصوص تجارت، تکنیکی شعبوں اور معاشی تعاون میں مسلسل اضافہ قابلِ ذکر رہا۔

ڈپٹی گورنر نے خطے کی صنعتی، تعلیمی اور معاشی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی، اور سوردلوفسک ریجن کی روسی صنعتوں میں بالخصوص فولاد سازی کے شعبے میں خدمات کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعلیمی شعبے میں تعاون، خاص طور پر اسلام آباد میں روسی زبان کی تدریس کے پروگرام — جو نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعاون سے چلایا جا رہا ہے — کو سراہتے ہوئے روس کی جانب سے نئے منصوبوں کے ذریعے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

روس میں کھیلوں کے شعبے کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر نے پاکستان کے ساتھ خصوصاً کھیلوں کا سامان بنانے کے ضمن میں مشترکہ منصوبوں کی تجویز بھی دی،

سفیرِ پاکستان جناب محمد خالد جمالی نے عالمی سطح پر امن و استحکام قائم رکھنے میں روس کے مثبت کردار کو سراہا اور پاکستانی قیادت کی جانب سے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی گورنر کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

سفیر پاکستان نے کھیلوں اور صنعت کے شعبے میں یکساں امکانات کی بنیاد پر یِکاتیرِنبرگ کو سیالکوٹ کا “سسٹر سٹی” قرار دینے کی تجویز پیش کی، تاکہ دونوں شہروں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔

Share it :