سعودی عرب میں جھولا فضا میں ٹوٹ گیا، 23 افراد زخمی، 3 کی حالت نازک
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
سعودی عرب کے شہر طائف کے مشہور سیاحتی مقام الہدا میں واقع گرین ماؤنٹین پارک میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جہاں جھولا اچانک فضا میں ٹوٹ کر گر پڑا، جس کے نتیجے میں کم از کم ۲۳ افراد زخمی ہوگئے ہیں، جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ یہ حادثہ ایک دیوقامت پینڈولم نما جھولے پر پیش آیا، جسے “۳۶۰ ڈگری جھولا” کہا جاتا ہے۔ ویڈیو مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جھولا پوری رفتار سے جھول رہا تھا کہ یکایک اس کا مرکزی ستون درمیان سے ٹوٹ گیا اور سواروں سے بھرا پلیٹ فارم زمین پر آ گرا۔ اس اچانک حادثے کے بعد پارک میں افرا تفری مچ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق، ستون کے ٹوٹنے سے اس کا ایک حصہ شدید جھٹکے سے پیچھے کو لپکا اور سواروں کو بھی جا لگا، جب کہ بعض افراد اپنی نشستوں سے نیچے گر کر زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد طائف کی گورنریٹ کی جانب سے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور گرین ماؤنٹین پارک کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔تفریحی جھولوں میں اس نوعیت کے حادثات عالمی سطح پر تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ ۲۰۲۳ء میں ایک ایسا ہی جھولا ایکواڈور میں فضا میں ٹوٹ گیا تھا، جس میں ۱۰ افراد زخمی ہوئے تھے، جب کہ اپریل ۲۰۲۵ء میں بھارت کے شہر دہلی میں ایک خاتون جھولے سے گر کر جان کی بازی ہار گئی تھی۔