لاہور میں زائد کرایہ لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
اسلام آباد (صداۓ روس)
لاہور میں پیٹرول کی قیمت میں حالیہ کمی کے بعد صوبائی حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ میں زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب کے وزیرِ ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ ٹرانسپورٹ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ کرایوں کی نئی فہرست فوری طور پر جاری کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ بلال اکبر خان نے واضح کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کا براہِ راست فائدہ مسافروں کو ملنا چاہیے، اس لیے ٹرانسپورٹرز کو پابند کیا جائے گا کہ وہ کم شدہ نرخوں کے مطابق کرایہ وصول کریں۔ انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ جو عناصر زائد کرایہ لیں گے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور انہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ محکمۂ ٹرانسپورٹ کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ شہر بھر میں چیکنگ کا عمل تیز کیا جائے اور عوام کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے تاکہ مسافروں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔