ٹرمپ نے دو جوہری آبدوزوں کو منتقل کرنے کا حکم دے دیا
ماسکو (صداۓ روس)
واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین اور روس کے سابق صدر دیمیتری میدویدیف کے مبینہ اشتعال انگیز بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے دو جوہری آبدوزوں کو “موزوں علاقوں” میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر میدویدیف کے بیانات محض الفاظ نہ ہوئے تو اس اقدام کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات الفاظ ایسے نتائج پیدا کر سکتے ہیں جن کا ارادہ نہیں ہوتا، اور امید ہے کہ یہ موقع ان میں سے نہ ہو۔
ادھر پینٹاگون نے اب تک یہ وضاحت نہیں کی کہ ان آبدوزوں کو کہاں بھیجا گیا ہے۔ روسی رہنما میدویدیف نے کچھ روز قبل سماجی رابطے کی ویب گاہ پر لکھا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے روس کو دھمکی دینا اور یوکرینی جنگ کے حل کے لیے مدت کم کرنے کی بات دراصل جنگ کی طرف ایک قدم ہے۔ بعد ازاں، انہوں نے طنزیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ ٹرمپ کو “مردوں” کے خطرے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے اور اپنی پسندیدہ فلموں میں دکھائے گئے “چلتے پھرتے مردوں” اور اُس “مردہ ہاتھ” کو یاد رکھنا چاہیے جو اگرچہ قدرتی طور پر موجود نہیں لیکن بے حد خطرناک ہے۔
واضح رہے کہ “مردہ ہاتھ” دراصل سابق سوویت اتحاد کے اُس خفیہ نظام کو کہا جاتا تھا جو دشمن کے ایٹمی حملے کی صورت میں خودکار طور پر جوابی حملہ کرتا تھا، تاکہ مکمل تباہی کی صورت میں بھی بدلہ یقینی بنایا جا سکے۔ ٹرمپ نے کچھ روز پہلے روس اور بھارت کی معیشتوں کو “مردہ” قرار دیتے ہوئے میدویدیف کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس پر روسی رہنما کا ردعمل اب ایک عالمی سیاسی کشیدگی کا سبب بنتا دکھائی دے رہا ہے.