خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

کراچی کے فائیو اسٹار ہوٹلز کو خطرہ ، امریکی حکام پر پابندیاں عائد

Karachi

کراچی کے فائیو اسٹار ہوٹلز کو خطرہ ، امریکی حکام پر پابندیاں عائد

اسلام آباد (صداۓ روس)
امریکی محکمہ خارجہ نے کراچی کے مہنگے اور اعلیٰ درجے کے ہوٹلوں میں اپنے سرکاری اہلکاروں کی آمد و رفت پر عارضی طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ امریکی قونصل خانے کو ملنے والی ایک ممکنہ خطرے کی اطلاع کے بعد کیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ سیکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کراچی میں امریکی قونصل جنرل کو ایک ایسی رپورٹ موصول ہوئی ہے جس میں شہر کے فائیو اسٹار ہوٹلوں کو ممکنہ خطرے کا نشانہ بنانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ان ہوٹلوں میں امریکی سرکاری اہلکاروں کی آمد و رفت فی الحال محدود کر دی گئی ہے۔

محکمہ خارجہ نے وضاحت کی کہ جب بھی کسی خطرے کی اطلاع ملتی ہے تو بیرونی ممالک میں ایسے علاقوں جیسے سیاحتی مقامات، ہوٹل، بازار، شاپنگ مالز اور ریستوران وغیرہ کو امریکی اہلکاروں کے لیے عارضی طور پر ممنوع قرار دیا جا سکتا ہے۔ سیکیورٹی الرٹ میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رش والے علاقوں سے گریز کریں، ہجوم میں جانے سے بچیں، اپنا پروفائل کم رکھیں، اور ان مقامات پر زیادہ محتاط رہیں جہاں مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد یا سیاح آتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس وقت پاکستان کے لیے امریکی محکمہ خارجہ نے “دوبارہ غور کریں” کی سطح کا سفری انتباہ جاری کر رکھا ہے، جس کے تحت امریکی شہریوں کو پاکستان کے سفر سے متعلق محتاط رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔

شئیر کریں: ۔