یومِ شہدائے پولیس پر موٹر وے پولیس ہیڈکوارٹر میں پروقار تقریب
اسلام آباد (صداۓ روس)
یومِ شہدائے پولیس پاکستان کے موقع پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ادارے کے افسران و ملازمین کے ساتھ ساتھ شہداء کے اہلِ خانہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل موٹر وے پولیس بی اے ناصر تھے۔ تقریب کا آغاز یادگارِ شہداء پر پھول چڑھانے اور شہداء کے لیے دعائے مغفرت سے ہوا۔ آئی جی بی اے ناصر نے اپنے خطاب میں پولیس کے اُن عظیم سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے قوم کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمارے ان بہادر اہلکاروں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ آئی جی نے انکشاف کیا کہ اب تک موٹر وے پولیس کے 51 افسران و ملازمین، جن میں ایک خاتون آفیسر بھی شامل ہیں، دورانِ ڈیوٹی جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں۔ ملک بھر کی پولیس فورسز کے ہزاروں شہداء میں ہر رینک کے افسران شامل ہیں۔
پولیس فورس کا ہر شہید ہماری قومی تاریخ کا روشن ستارہ ہے، اور ہم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ہر شہید کے پیچھے فرض، عہد اور قوم کی حفاظت کی ایک مکمل داستان چھپی ہے۔ آئی جی نے شہداء کے اہلِ خانہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: “آپ کی قربانیاں لازوال ہیں۔ محکمہ پولیس آپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ آپ پر قوم کا قرض ہے جو کبھی ادا نہیں ہو سکتا۔ تقریب میں شہید انسپکٹر منصور اصغر کی بیوہ اور ان کے بیٹے محمد احسان نے بھی خطاب کیا۔ ان کے جذباتی بیانات نے شرکاء کو رنجیدہ کر دیا اور ہال میں کئی آنکھیں نم ہو گئیں۔ آخر میں آئی جی موٹر وے پولیس نے شہداء کے اہلِ خانہ کو تحائف پیش کیے۔