پاکستان سے ایران کیلئے پہلی فیری سروس کا آغاز
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان سے ایران اور خلیجی ممالک کے لیے پہلی بار فیری سروس چلانے کا لائسنس جاری کر دیا گیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان سمندری سفر اور تجارت کے ایک نئے دور کا آغاز سمجھی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک نجی کمپنی نے سات سال قبل فیری سروس کے لیے درخواست دی تھی، جس پر طویل غور و خوض کے بعد اب باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔ کمپنی کو پاکستان سے ایران فیری سروس چلانے کا لائسنس جاری کر دیا گیا ہے۔ نجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد عمر نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں فیری سروس ایران تک شروع کی جائے گی، جبکہ آئندہ منصوبہ بندی کے تحت یہ سروس سعودی عرب، عمان، عراق اور متحدہ عرب امارات تک توسیع دی جائے گی۔
وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز جنید انور چوہدری نے کہا کہ فیری سروس نہ صرف تجارت اور لاجسٹکس کو فروغ دے گی بلکہ عوام کو سفری سہولت بھی فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک-عراق فیری سروس تعلقات کا نیا باب ثابت ہوگی۔ ایران اور جی سی سی ممالک سے مزید فیری روٹس پر بھی کام جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے درمیان تجارتی روابط اور سیاحت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، جبکہ بحری راستوں کے ذریعے سامان کی ترسیل کم لاگت اور زیادہ مؤثر ہو سکے گی۔