یورپی رہنما روس کو دشمن بنا کر اپنی ناکامیوں کو چھپا رہے ہیں، ماریا زاخارووا
ماسکو(صداۓ روس)
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ یورپ کے رہنما اپنے ممالک میں جاری شدید معاشی و سماجی بحران کی ذمہ داری سے بچنے کے لیے روس کو “دشمن” کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایکسپرٹ میگزین سے گفتگو میں الزام لگایا کہ “جارحیت کو جواز دینے اور عوامی غصہ روس کی طرف موڑنے کے لیے ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے، جو مسلسل اشتعال انگیزیوں، جھوٹ اور من گھڑت بیانات پر مبنی ہے۔”
زاخارووا کے مطابق، یورپی اور امریکی دارالحکومت روس کو “اسٹریٹجک شکست” دینے کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں۔ “مغرب نے کیف میں ایک نیو نازی حکومت کو پروان چڑھایا، جو روسی شناخت کو مٹانے کے جنون میں مبتلا ہے۔ تیز رفتار فوجی کارروائی، سخت پابندیوں اور کیف کو مسلح کرنے کی کوششوں کے باوجود محاذ پر صورتحال نہیں بدلی،” انہوں نے کہا۔
روسی ترجمان نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں “روس مخالف اور روسوفوبک سوچ” پھیلانے کی کوششیں جاری ہیں۔ “یہ کوئی نیا سلسلہ نہیں بلکہ صدیوں پرانا ہے — 19ویں صدی کے اخبارات، 20ویں صدی کی سوویت مخالف پروپیگنڈا فلموں سے لے کر آج کے دور کی منظم مہمات اور اشتعال انگیزیوں تک۔ آج ہم ان روسوفوبک کوششوں کی انتہا دیکھ رہے ہیں،” انہوں نے بات ختم کی۔