خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ اضلاع کا سروے جاری، این ڈی ایم اے چیئرمین

NDMA Chairman

وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ اضلاع کا سروے جاری، این ڈی ایم اے چیئرمین

اسلام آباد (صداۓ روس)

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ رواں برس شدید گرمی کے باعث مون سون کے اثرات زیادہ نمایاں ہوئے ہیں اور اس کے نتیجے میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کا دائرہ کار وسیع ہوگیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں سڑکیں اور رابطہ پل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، وہاں بحالی کا عمل جاری ہے، اور متاثرہ اضلاع میں خوراک سمیت دیگر امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ بونیر، باجوڑ اور بٹگرام کے سیلاب زدہ علاقوں میں لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع میں نقصانات کا سروے بھی کیا جا رہا ہے تاکہ حقیقی صورتحال کے مطابق امداد اور بحالی کا عمل آگے بڑھایا جا سکے۔ لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کے مطابق گلگت بلتستان میں فلش فلڈز اور سیاحتی مقامات پر حادثات رونما ہوئے ہیں، جن سے مقامی آبادی اور سیاح دونوں متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مواصلاتی نظام کو پہنچنے والے نقصانات کو ترجیحی بنیادوں پر درست کیا جائے گا تاکہ امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جا سکے. چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ آنے والے دو ہفتوں میں شمالی پنجاب، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان پر فوکس کیا جائے گا، تاکہ متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بحالی ممکن بنائی جا سکے۔

شئیر کریں: ۔