افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے، پاکستان
اسلام آباد (صداۓ روس)
کابل میں سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر پاکستان نے افغانستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہونے سے روکے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر اور قابلِ تصدیق اقدامات کرے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے افغان قائم مقام وزیرِ خارجہ سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف تعاون میں سست روی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان کو کالعدم تحریک طالبان، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ جیسے دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں پر شدید تحفظات ہیں اور ان کے خلاف فوری کارروائی ناگزیر ہے۔
اس موقع پر افغان وزیرِ خارجہ نے یقین دہانی کرائی کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں سیاسی و معاشی تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ اسلام آباد اور کابل کے حالیہ روابط کو تعلقات میں بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان کے ساتھ تجارتی اور ٹرانزٹ تعاون بڑھانے پر بھی اطمینان ظاہر کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے دونوں ممالک کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔