روس میں نئے الیکٹرانک آلات پر ملکی میسنجر ایپ “میکس” لازمی قرار
ماسکو (صداۓ روس)
روس نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں فروخت ہونے والے تمام نئے الیکٹرانک آلات پر مقامی میسنجر ایپ “میکس” کو لازمی طور پر انسٹال کیا جائے گا۔ روسی حکومت کی ویب سائٹ پر جاری ہدایت نامے کے مطابق یہ فیصلہ یکم ستمبر سے نافذالعمل ہوگا۔ یہ اقدام روس کی ڈیجیٹل خودمختاری کو مضبوط بنانے اور غیر ملکی ٹیکنالوجی پر انحصار کم کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے۔ وزیرِاعظم مخائیل مشسٹین کے دستخط سے جاری حکم نامے کے تحت “میکس” ایپ وی کے میسنجر کی جگہ لے گی اور ہر نئے الیکٹرانک آلے پر پہلے سے انسٹال شدہ لازمی پروگرامز کی فہرست میں شامل ہوگی۔ اسی حکم کے مطابق روسی ایپ مارکیٹ “رو اسٹور” کو بھی اب لازمی طور پر تمام ڈیوائسز پر انسٹال کیا جائے گا، جس میں ایپل کا iOS اور ہواوے کا HyperOS بھی شامل ہیں۔ اس سے پہلے یہ شرط صرف اینڈرائیڈ اور ہواوے کے HarmonyOS پر لاگو تھی۔
“میکس” ایپ مارچ 2025 میں پیش کی گئی تھی اور اسے وی کے کمپنی نے وزارتِ ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ کے تعاون سے تیار کیا ہے۔ یہ ایپ چین کے وی چیٹ کی طرز پر ایک کثیرالمقاصد پلیٹ فارم ہے، جس میں میسجنگ، کالز، ویڈیو، اور 4 جی بی تک فائل شیئرنگ کی سہولت ہوگی۔ مزید برآں، اسے روسی سرکاری خدمات پورٹل اور اسفی رم ایجوکیشن پلیٹ فارم سے بھی جوڑا جائے گا، تاکہ شہری براہِ راست سرکاری اداروں سے رابطہ کرسکیں اور رقوم کی منتقلی بھی ممکن ہو۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس اور غیر ملکی میسجنگ ایپس کے درمیان تنازعات بڑھ گئے ہیں۔ واٹس ایپ اور ٹیلیگرام پر مقامی قوانین کی پاسداری نہ کرنے اور غیر ملکی اداروں سے تعاون کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ رواں ماہ روسی میڈیا ریگولیٹر روس کوم نادزور نے ان دونوں ایپس پر جزوی پابندیاں عائد کرتے ہوئے وائس کالز محدود کر دی تھیں۔
ماہرین کے مطابق “میکس” اور “رو اسٹور” کی لازمی تنصیب روس کے اُس وسیع تر رجحان کا حصہ ہے، جس کے تحت وہ غیر ملکی سافٹ ویئر کو مقامی متبادل سے بدل رہا ہے۔ یوکرین تنازع 2022 کے بعد جب بڑی غیر ملکی کمپنیاں جیسے مائیکروسافٹ روس سے نکل گئیں، تو حکام نے ملک کے اندر تیار شدہ Astra اور RED OS سسٹمز کو متعارف کرایا اور Mir کارڈ کو ویزا اور ماسٹر کارڈ کا متبادل بنایا۔