یوکرین میں روسی فوجی مہم میں نوے ہزار ماسکو کے شہری موجود ہیں، میئر ماسکو
ماسکو (صداۓ روس)
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے انکشاف کیا ہے کہ تقریباً نوے ہزار ماسکو کے رہائشی اس وقت خصوصی فوجی آپریشن کے علاقے میں موجود ہیں۔ ان میں وہ افراد شامل ہیں جو فوج میں بطور کنٹریکٹ شامل ہوئے، یا لازمی فوجی سروس کے تحت بلائے گئے، جبکہ کچھ پیشہ ور فوجی بھی شامل ہیں۔ کومسومولسکایا پراودا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں میئر سوبیانین نے کہا آج تقریباً 90 ہزار ماسکو کے رہائشی خصوصی فوجی آپریشن زون میں موجود ہیں۔ ان میں سے کچھ کنٹریکٹ پر شامل ہوئے ہیں، کچھ لازمی طور پر بلائے گئے جبکہ باقی پیشہ ور فوجی اہلکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماسکو میں رضاکارانہ تحریک فوجی اہلکاروں کو بڑے پیمانے پر انسانی امداد فراہم کر رہی ہے۔ مزید یہ کہ دارالحکومت میں زخمی فوجیوں کے علاج کے لیے ملک کے سب سے بڑے ہسپتال موجود ہیں، اور وورونووسکوی میں پورے روس کا سب سے بڑا بحالی مرکز قائم کیا گیا ہے۔
میئر نے کہا کہ فوجی اہلکاروں کے خاندانوں کی مکمل معاونت کی جا رہی ہے۔ جو لوگ فوجی خدمت مکمل کرکے واپس آئے ہیں، انہیں بحالی، طبی علاج اور ملازمت کی فراہمی میں سہولت دی جاتی ہے۔ فوجی اہلکاروں کی مدد کے لیے ایک جامع نظام بنایا گیا ہے۔