جموں میں دریائے توی پر پل کا حصہ بارشوں کے باعث بیٹھ گیا، گاڑیاں پھنس گئیں
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جموں و کشمیر میں مسلسل بارشوں نے تباہی مچادی، دریائے توی پر قائم پل کا ایک بڑا حصہ بیٹھ گیا جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں پل پر ہی پھنس گئیں۔ واقعے کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پل کا بڑا حصہ اچانک بیٹھنے سے لوگوں میں بھگدڑ اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ کئی گاڑیاں خطرناک حد تک پل کے کنارے پر اٹک گئیں اور لوگوں کی چیخ و پکار سنائی دی۔ عینی شاہدین کے مطابق مقامی پولیس اور شہریوں کی بروقت کارروائی سے قیمتی جانیں بچ گئیں۔ پھنسے ہوئے افراد کو گاڑیوں سے نکالنے کے بعد پل کا حصہ مزید زمین بوس ہوگیا۔ مقامی انتظامیہ اور شہریوں کی حاضر دماغی پر عوام نے داد دی اور مطالبہ کیا کہ انہیں حکومتی سطح پر سراہا جائے۔ پل کے بیٹھ جانے کے بعد ٹریفک مکمل طور پر معطل کر دی گئی اور حکام نے متاثرہ حصے کا معائنہ شروع کر دیا۔ کئی گاڑیاں پل سے بہہ جانے کے قریب تھیں تاہم امدادی کارروائیوں کے باعث بڑی تباہی ٹل گئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب بھارت نے پاکستان کو دریائے توی میں ممکنہ سیلاب سے متعلق پیشگی اطلاع دی تھی۔ پاکستانی حکام نے اس اطلاع کی بنیاد پر مقامی آبادی کو الرٹ جاری کر دیا۔ شدید بارشوں کے باعث جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈز سے اب تک 10 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ منگل کی دوپہر ماتا ویشنو دیوی دربار جانے والے راستے پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ جموں کے ضلع ڈوڈہ میں بارش سے متعلقہ مختلف واقعات میں 4 جانیں ضائع ہوئیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 40 گھنٹوں تک جموں ڈویژن میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ دریائے بسنتار، توی اور چناب میں پانی کی سطح خطرے کے نشان تک پہنچ چکی ہے، اسی لیے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریا کے کناروں اور سیلابی علاقوں سے فوری دور رہیں۔