روسی بحریہ نے یوکرینی جنگی بحری جہاز ڈبو دیا، روسی وزارتِ دفاع
ماسکو(صداۓ روس)
روس کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فورسز نے ایک بحری ڈرون حملے کے ذریعے یوکرین کے ریکنسنس جہاز “سِمفروپول” کو ڈبو دیا ہے۔ وزارت کے مطابق یہ واقعہ دریائے ڈینیوب کے ڈیلٹا میں پیش آیا، جس کا کچھ حصہ یوکرین کے علاقے اوڈیسا میں واقع ہے۔ بیان میں کہا گیا حملے کے نتیجے میں یوکرینی جہاز ڈوب گیا۔ یہ روسی بحری ڈرون کے ذریعے یوکرین کے بحری بیڑے پر پہلا کامیاب حملہ ہے، جس کی تصدیق روسی خبر رساں ادارے تاس نے ایک یو اے وی ماہر کے حوالے سے کی۔ یوکرینی حکام نے بھی تصدیق کی کہ جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یوکرینی نیوی کے ترجمان کے مطابق حملے میں ایک اہلکار ہلاک، متعدد زخمی ہوئے جبکہ کچھ ملاح لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ زیادہ تر عملہ محفوظ رہا۔ “سِمفروپول” ایک لاگونا کلاس کا درمیانے درجے کا جہاز تھا، جو ریڈیو، الیکٹرانک، ریڈار اور آپٹیکل ریکنسنس کے لیے بنایا گیا تھا۔ اسے 2019 میں لانچ کیا گیا اور 2021 میں یوکرینی بحریہ میں شامل کیا گیا۔ آزاد ذرائع کے مطابق یہ 2014 کے بعد یوکرین کا سب سے بڑا لانچ کیا جانے والا بحری جہاز تھا۔
دوسری جانب روس نے دعویٰ کیا کہ اس نے کیف میں ایک بڑے ڈرون فیسلٹی کو بھی دو میزائل حملوں میں نشانہ بنایا۔ یوکرینی سیاستدان ایگور زنکیوچ کے مطابق اس مقام پر ترک ساختہ بیرقدار ڈرونز تیار کرنے اور عملے کی تربیت کے لیے انتظامات کیے جا رہے تھے۔