خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

برازیل کے سیرا دو تمبادور جنگلات میں پہلی بار سیاہ جگوار کی موجودگی کی تصدیق

Black panther

برازیل کے سیرا دو تمبادور جنگلات میں پہلی بار سیاہ جیگوار کی موجودگی کی تصدیق

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جولائی 2025 میں محققین نے برازیل کے سیرا دو تمبادور کے محفوظ ذخیرہ جنگلات میں پہلی مرتبہ سیاہ جیگوار کی تصاویر ریکارڈ کی ہیں۔ یہ تصاویر جنگلی حیات کے ماہرین نے مارچ سے مئی کے دوران نصب کیے گئے خودکار کیمروں (کیمرا ٹریپ) کے ذریعے حاصل کیں، جنہیں کئی برسوں کی محنت کے بعد ایک غیر معمولی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق سیاہ جیگوار کی یہ نایاب شکل ’’میلانزم‘‘ کہلاتی ہے، جس میں جانور کے جسم کا رنگ گہرا سیاہ ہو جاتا ہے۔ قدرتی طور پر یہ تبدیلی بہت کم دیکھنے میں آتی ہے اور اسی لیے سیاہ جیگوار کو دیکھنا ماہرین جنگلی حیات کے نزدیک کسی دیومالائی واقعے سے کم نہیں سمجھا جاتا۔ سیرا دو تمبادور جنگلات برازیل کے مشہور ’’سیراڈو‘‘ ماحولیاتی نظام کا حصہ ہیں، جو دنیا کے ان چند علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں حیاتیاتی تنوع اپنی بھرپور شکل میں موجود ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ سیاہ جگوار کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ خطہ اب بھی کئی نایاب اور پوشیدہ جانوروں کے لیے محفوظ پناہ گاہ ہے۔ تاہم جنگلات کی کٹائی، غیر قانونی شکار اور زمینوں کی بے تحاشا تباہی جیسے عوامل اس جاندار اور دیگر حیات کے لیے سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

Black panther

جیگوار کو اس خطے کا سب سے بڑا درندہ قرار دیا جاتا ہے اور یہ اپنے ماحولیاتی نظام میں توازن قائم رکھنے کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین نے زور دیا ہے کہ سیاہ جگوار کی اس دریافت کو ایک وارننگ سمجھا جائے کہ اگر فوری طور پر جنگلات کے تحفظ کے اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی نسلیں ان نایاب مناظر سے ہمیشہ کے لیے محروم ہو سکتی ہیں۔ یہ نایاب جھلک قدرت کے کمال اور اس کی نازک ترین حالت دونوں کا مظہر ہے، جو انسان کو یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ وہ فطرت کے ساتھ کس طرح کا سلوک روا رکھ رہا ہے۔

شئیر کریں: ۔