انسانیت کا مستقبل محبت اور دوستی سے وابستہ ہے، صدر پوتن
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ انسانیت کا مستقبل ان لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو محبت، دوستی اور خاندانی اقدار کو اہمیت دیتے ہیں، نہ کہ ان افراد کے پاس جو خود غرضی میں مبتلا ہو کر صرف مجازی دنیا یا سائبر اسپیس میں محدود ہیں۔ سینٹ پیٹرزبرگ میں جمعے کے روز منعقدہ یونائیٹڈ کلچرز فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر پوتن نے تیزی سے ترقی کرتی ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے کردار پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ مستقبل کی دنیا میں انسان کا حقیقی مقام کیا ہوگا. انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت بلاشبہ وسیع ڈیٹا کا تجزیہ کر سکتی ہے اور رجحانات کی پیش گوئی بھی ممکن ہے، لیکن اصل حل اور بڑے سائنسی، فنی اور سماجی انکشافات صرف انسان کی تخلیقی صلاحیت اور الہام ہی سے ممکن ہیں، کیونکہ انسان ہی اصل خالق اور معمار ہے۔
صدر پوتن نے کہا کہ دنیا کو اس نئے دور پر “عبور” پانے کی ضرورت ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ اپنی جڑوں اور اقدار کو بھی محفوظ رکھنا ہوگا، جو اس کی اصل طاقت اور سہارا ہیں۔ ان کے بقول روس کی بیشتر ثقافتی پالیسیوں کا محور بھی “فیملی” نیشنل پراجیکٹ ہے، کیونکہ روسی شناخت اور قومی کردار گہرائی سے خاندانی اقدار میں جڑے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ صدر پوتن نے گزشتہ سال کے اوائل میں “فیملی” قومی منصوبہ شروع کیا تھا، جس کا مقصد بچوں والی فیملیوں کی معاونت کرنا اور ملک میں کم ہوتے پیدائش کے رجحان کو سنبھالنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت روس میں ہر نئے بچے کی پیدائش پر والدین کو زیادہ مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے، زچگی کے فوائد میں توسیع کی گئی ہے اور خاندانوں کے لیے مستقل مالی سہولیات بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔