خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

کمچتکا میں 7.4 شدت زلزلے کے بعد سونامی الرٹ

Kamchatka

کمچتکا میں 7.4 شدت زلزلے کے بعد سونامی الرٹ

ماسکو(صداۓ روس)
کمچتکا میں 7.4 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ روسی اکیڈمی آف سائنسز کی جیوفزیکل سروس کے مطابق یہ جھٹکا ہفتہ کے روز ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد تمام ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ گورنر ولادیمیر سولودوف نے بتایا کہ علاقائی دارالحکومت پیٹروپاولوسک-کمچتسکی میں جھٹکے جی ایم ٹی کے مطابق رات 2 بج کر 37 منٹ پر محسوس کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ماہرین نے سماجی اہمیت کے حامل اداروں اور رہائشی عمارتوں کا معائنہ شروع کر دیا ہے۔ اب تک کسی بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم حکام نے شہریوں کو خاص طور پر ساحلی علاقوں میں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ گورنر نے کہا کہ “سونامی کے خطرے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہم سب سے گزارش کرتے ہیں کہ خاص طور پر خالکتیرسکی ساحل اور دیگر سونامی سے متاثر ہونے والے مقامات پر جاتے وقت انتہائی احتیاط کریں۔”

روس کی وزارتِ ہنگامی حالات نے بتایا کہ ساکھالن میں لہریں 0.37 میٹر تک بلند ہو کر پیرا موشیر اور شُمشو کے ساحلی اضلاع تک پہنچ سکتی ہیں۔ وزارت نے شہریوں کو تنبیہ کی کہ “یہ لہریں زیادہ اونچی نہیں ہوں گی لیکن ساحل کے قریب جانا خطرناک ہو سکتا ہے۔ براہِ کرم سونامی دیکھنے کے لیے ساحل کی طرف گاڑیاں لے جانے کی کوشش نہ کریں۔

یہ جھٹکا 30 جولائی کو آنے والے 8.8 شدت کے تاریخی زلزلے کے بعد محسوس کیا گیا جو 1952 کے بعد سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔ اس زلزلے نے کمچتکا جزیرہ نما کو تقریباً دو میٹر تک ہلا دیا، زمین کی سطح نیچی ہو گئی اور جاپان سے لے کر امریکہ کے بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں تک سونامی کی لہریں پہنچیں۔ اس کے بعد خطے میں زلزلوں اور آتش فشانی سرگرمیوں کی لہر دیکھی گئی۔ کرشینینکوف آتش فشاں چھ سو سال بعد پہلی بار پھٹا، جبکہ کلیوچیفسکایا سوپکا آتش فشاں نے ستر سال میں اپنی سب سے بڑی سرگرمی دکھائی۔ سائنس دانوں نے اس عرصے میں کل سات آتش فشاں بیک وقت سرگرم ریکارڈ کیے جسے انہوں نے ایک نایاب “آتش فشانی جلوس” قرار دیا۔

حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور صرف سرکاری ذرائع سے آنے والی اطلاعات پر توجہ دیں۔

شئیر کریں: ۔