زیلنسکی کو ماسکو آمد پر سخت ترین سکیورٹی ضمانتیں فراہم کیں، روسی ایلچی
ماسکو (صداۓ روس)
روس کی وزارتِ خارجہ کے ایلچی برائے جرائمِ حکومتِ کیف، رودِیون میروشنیخ نے کہا ہے کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کو روسی صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے ماسکو کے ممکنہ دورے کے لیے دنیا کی سخت ترین سکیورٹی ضمانتیں دی گئی ہیں. روس کی خبر رساں ایجنسی تاس کو دیے گئے انٹرویو میں میروشنیخ نے کہا کہ زیلنسکی کا ماسکو آنے سے انکار ’’معاہدہ نہ کرنے کی خواہش‘‘ کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے بقول: ’’زیلنسکی امن نہیں چاہتے۔ وہ صرف سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے بیانات اور تجاویز دیتے ہیں۔ دنیا جانتی ہے کہ صدر پوتن کی ضمانتیں دنیا کی سب سے مضبوط ضمانتوں میں شمار ہوتی ہیں۔ زیلنسکی کے پاس ان پر بھروسہ نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں، انہوں نے مزید کہا ماسکو کا سفر زیلنسکی کے لیے کسی بھی خطرے کا باعث نہیں ہے۔ ان کے لیے اصل خطرہ یہ ہے کہ اگر انہیں کسی معاہدے پر پہنچنا پڑ جائے۔ یہی چیز انہیں ماسکو جانے سے روکتی ہے، نہ کہ یہ خدشہ کہ وہاں ان کی جان کو کوئی خطرہ ہے۔ اس سے قبل چین کے دورے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں صدر پوتن نے کہا تھا کہ وہ زیلنسکی کو ماسکو آنے کی دعوت دینے کے لیے تیار ہیں اگر وہ ملاقات کے خواہاں ہوں۔ تاہم زیلنسکی نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر پوتن کی پیشکش کو مسترد کر دیا۔