خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

روسی وزیرِ صحت نے دورانِ پرواز سیاح کی جان بچائی

Mikhail Murashko

روسی وزیرِ صحت نے دورانِ پرواز سیاح کی جان بچائی

ماسکو (صداۓ روس)
روس کے وزیرِ صحت میخائل موراشکو نے ویتنام جانے والی ایک پرواز میں ایک مسافر کی طبی ایمرجنسی کے دوران فوری امداد فراہم کر کے اس کی جان بچائی۔ یہ واقعہ ماسکو سے ہنوئی جانے والی پرواز میں اس وقت پیش آیا جب پرواز کو تین گھنٹے گزر چکے تھے اور 50 سالہ ایک مسافر کی طبی حالت اچانک بگڑ گئی۔ اطلاعات کے مطابق مسافر بلڈ پریشر کے شدید حملے (ہائیپرٹینسو کرائسس) کا شکار ہوا، جو دل کے دورے یا دیگر خطرناک پیچیدگیوں کا باعث بن سکتا ہے۔ اس موقع پر طیارے کے عملے نے مدد کے لیے اعلان کیا تو وزیرِ صحت، جو خود بھی تربیت یافتہ معالج ہیں، فوراً آگے بڑھے اور فوری طور پر طبی امداد فراہم کی۔ میخائل موراشکو نے دستیاب ادویات استعمال کرتے ہوئے مریض کی حالت کو مستحکم کیا، اسے سہارا دیا اور تسلی دی۔ ان کی بروقت مداخلت کے نتیجے میں مسافر کی طبیعت بہتر ہو گئی اور وہ بغیر کسی مزید پیچیدگی کے پرواز مکمل کر کے ہنوئی پہنچ گیا۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو روسی میڈیا پلیٹ فارم “شاٹ” پر بھی جاری کی گئی ہے جس میں وزیرِ صحت کو مریض کی دیکھ بھال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ میخائل موراشکو 12 سے 14 ستمبر تک ویتنام کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے ویتنام کی وزیرِ صحت داو ہونگ لان سے ملاقاتیں کیں۔ اس دورے کے دوران روسی اور ویتنامی طبی کمپنیوں کے درمیان ایک کاروباری فورم بھی منعقد ہوا۔ دونوں ممالک طبی مصنوعات کی فراہمی، ویتنامی مریضوں کے علاج، طبی عملے کی تربیت اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر تعاون کو فروغ دینے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس مئی میں روس اور ویتنام کے درمیان بایومیڈیکل تعاون پر ایک معاہدہ طے پایا تھا جس میں تربیتی پروگرامز، ماہرین کا تبادلہ اور ورکشاپس شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک ویتنام میں کارنیا ٹشو بینک قائم کرنے پر بھی کام کر رہے ہیں، جو صدر ولادیمیر پوتن کے گزشتہ سال کے دورۂ ویتنام کے دوران زیرِ غور آیا تھا۔میخائل موراشکو کی پیشہ ورانہ زندگی بھی قابلِ ذکر ہے۔ 58 سالہ وزیرِ صحت نے سوردلوفسک اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور امراضِ نسواں و زچگی میں تخصص کیا۔ وہ کمی جمہوریہ میں ایک اسپتال کے چیف معالج رہے اور بعد ازاں صحت کے انتظامی امور سنبھالے۔ 2013 میں انہوں نے وفاقی محکمہ صحت (روزدرونادزور) کی سربراہی کی اور جنوری 2020 میں روس کے وزیرِ صحت کے عہدے پر فائز ہوئے۔

شئیر کریں: ۔