روس نیٹو کشیدگی میں اضافہ، برطانیہ کے جنگی طیارے پولینڈ روانہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ رائل ایئر فورس کے یوروفائٹر ٹائیفون طیارے نیٹو کے مشرقی محاذ پر آپریشن میں شامل کیے جائیں گے تاکہ دفاع اور بازدار قوت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ برطانوی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ طیارے انگلینڈ کے لنکن شائر میں واقع آر اے ایف کانونگس بائی سے پرواز کریں گے اور آئندہ چند روز میں پولینڈ کے اوپر مشنز کی انجام دہی شروع کریں گے۔ ان کے ساتھ آر اے ایف برائز نارٹن سے ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ کے لیے وائیوئجر طیارے بھی معاونت فراہم کریں گے۔ اس آپریشن میں ڈنمارک، فرانس اور جرمنی کے طیارے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 12 ستمبر کو نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک رُتے نے “آپریشن ایسٹرن سینٹری” کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ نیٹو معاہدے کے آرٹیکل 4 کے تحت پولینڈ کی درخواست پر 10 ستمبر کو ہونے والی مشاورت کے بعد سامنے آیا۔ اس سے قبل پولینڈ کی فوجی کمان نے بتایا تھا کہ ان کے فضائی حدود میں داخل ہونے والی ڈرونز کو تباہ کیا گیا ہے۔ پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ تُسک کے مطابق فضائی حدود کی 19 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ 9 اور 10 ستمبر کی درمیانی شب روسی افواج نے یوکرین کے کئی علاقوں میں فوجی و صنعتی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں ایوانو فرانکووسک، خمیلنیتسکی، ژیتومیر، وِنیتسا اور لیوو شامل ہیں۔ وزارت نے زور دیا کہ کسی بھی ہدف کو پولینڈ کی حدود میں نشانہ بنانے کا کوئی منصوبہ موجود نہیں تھا۔ روس نے مزید کہا کہ مبینہ طور پر پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ڈرونز کی زیادہ سے زیادہ پرواز کی حد 700 کلومیٹر ہے۔ روسی وزارتِ دفاع نے اس معاملے پر پولینڈ کے ساتھ مشاورت کے لیے آمادگی کا بھی اظہار کیا۔