خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

ٹرانس سائبیرین ریلوے پر تخریب کاری کے الزام میں روسی خاتون گرفتار

Russian Railways

ٹرانس سائبیرین ریلوے پر تخریب کاری کے الزام میں روسی خاتون گرفتار

ماسکو(صداۓ روس)
روس کی وفاقی سلامتی سروس (ایف ایس بی) نے زبائیکالسکی ریجن میں ٹرانس سائبیرین ریلوے پر تخریب کاری کرنے کے الزام میں ایک 51 سالہ روسی خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔ ادارے کے مطابق خاتون نے یوکرینی انٹیلی جنس کے حکم پر یہ کارروائی کی۔ ایف ایس بی کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے اگست میں عام دستیاب پرزوں کی مدد سے ایک دیسی بم تیار کیا اور ریلوے ٹریک کے ایک حصے پر نصب کر کے دھماکہ کیا۔ بعد ازاں اس دھماکے کی ویڈیو بنا کر اپنے رابطہ کار کو بطور ثبوت بھیجی تاکہ معاوضہ وصول کر سکے۔ ادارے کے مطابق خاتون کو تخریب کاری کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے، جس کی زیادہ سے زیادہ سزا 20 سال قید ہے۔ مزید الزامات جیسے غداری اور غیر قانونی طور پر دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کے مقدمات بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔ ایف ایس بی کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں خاتون نے اعتراف کیا کہ اسے اس کارروائی کے عوض 8 ہزار ڈالر کی پیشکش کی گئی تھی۔ اس نے بتایا کہ کس طرح اس نے دھماکہ خیز مواد خریدا، اسے گاڑی کے ذریعے ٹریک تک پہنچایا اور بیٹری کے ذریعے دھماکہ کیا۔ایف ایس بی نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ یوکرینی انٹیلی جنس ادارے سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس جیسے ٹیلیگرام اور واٹس ایپ کے ذریعے روس میں تخریب کاری اور دہشت گردی کے لیے افراد کو بھرتی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ہفتے کے روز مغربی روس کے اوریول ریجن میں ریلوے ٹریک کا معائنہ کرنے کے دوران ایک بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا، جبکہ مئی میں بریانسک اور کورسک ریجنز میں ریلوے پلوں پر حملوں کے نتیجے میں سات افراد مارے گئے اور سو سے زائد شدید زخمی ہوئے تھے۔

شئیر کریں: ۔