خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

روس کا یورپ کا سب سے بڑا ہائی اسپیڈ ریلوے منصوبہ

Russian high speed rail

روس کا یورپ کا سب سے بڑا ہائی اسپیڈ ریلوے منصوبہ

ماسکو(صداۓ روس)
ماسکو نے یورپ کا سب سے بڑا ہائی اسپیڈ ریلوے منصوبہ متعارف کرا دیا ہے۔ روسی وزیرِاعظم میخائل مشوستین نے اعلان کیا کہ یہ منصوبہ 4,500 کلومیٹر طویل ہوگا اور اس میں مقامی طور پر تیار کی گئی ٹرینیں استعمال ہوں گی جو 400 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکیں گی۔ حکومتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے بتایا کہ ماسکو سے سینٹ پیٹرزبرگ تک سفر کا وقت چار گھنٹے سے کم ہو کر محض دو گھنٹے رہ جائے گا۔ اس کے علاوہ نیٹ ورک ماسکو کو مینسک، بلیک سی کے ساحلی شہر ایڈلر، یورال کے یکاترینبرگ، ریازان اور دیگر شہروں سے بھی جوڑے گا۔ مشوستین کا کہنا تھا کہ ’’شہروں کے درمیان سفر نہ صرف محفوظ اور آرام دہ بلکہ کم وقت لینے والا ہونا چاہیے۔ موجودہ دنیا میں وقت سب سے قیمتی شے بنتا جا رہا ہے، اسی لیے ہم تیز رفتار سفری ٹیکنالوجیز پر کام کر رہے ہیں اور ہائی اسپیڈ ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی منظوری صدر ولادیمیر پوتن پہلے ہی دے چکے ہیں اور آئندہ چھ ماہ میں حتمی خاکہ مکمل کر لیا جائے گا۔ ماسکو سے سینٹ پیٹرزبرگ تک 679 کلومیٹر طویل پہلا ریلوے ٹریک زیرِتعمیر ہے، جہاں نئی نسل کی ہائی اسپیڈ ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین کا نام عوامی ووٹ کے ذریعے منتخب کیا جا سکتا ہے، جن میں ’’لوچ‘‘ (روشنی کی کرن) بھی شامل ہے۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد روس کا ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک اسپین کے 3,970 کلومیٹر طویل نظام کو پیچھے چھوڑ دے گا، جو فی الحال یورپ کا سب سے بڑا ہے اور چین کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر آتا ہے۔ روس کی نئی ٹرینیں یورپ کی تیز ترین ٹرین، فرانس کی ٹی جی وی، سے بھی آگے نکل جائیں گی جس کی رفتار 320 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ دوسری جانب چین بدستور دنیا میں سب سے آگے ہے جہاں 64 ہزار کلومیٹر سے زائد ہائی اسپیڈ لائنیں موجود ہیں اور شنگھائی میگلیو 460 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ دنیا کی تیز ترین ٹرین ہے۔

شئیر کریں: ۔