روسی صدر نے امریکہ کو نیو اسٹارٹ معاہدہ بڑھانے کی مشروط پیشکش کردی
ماسکو(صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ ماسکو امریکا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کی کمی سے متعلق اہم معاہدے نیو اسٹارٹ پر اس کی میعاد ختم ہونے کے بعد بھی ایک سال تک عمل درآمد جاری رکھنے کو تیار ہے، بشرطیکہ واشنگٹن بھی ایسا ہی کرے۔ سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل خطاب میں صدر پوتن نے کہا کہ عالمی اسٹریٹجک استحکام مغربی ممالک کی “تخریبی پالیسیوں” سے خطرے میں ہے، تاہم روس ہمیشہ سے سیاسی و سفارتی ذرائع سے تنازعات کے حل کا خواہاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیو اسٹارٹ معاہدہ، جو 2010 میں طے پایا تھا، تقریباً 15 سال تک جوہری طاقتوں کے درمیان توازن قائم رکھنے میں مددگار ثابت ہوا۔ یہ معاہدہ 5 فروری 2026 کو ختم ہو جائے گا اور اس کے بعد دنیا کے پاس کوئی براہِ راست پابندی عائد کرنے والا معاہدہ باقی نہیں رہے گا۔
پوتن نے کہا کہ روس اس معاہدے کے مرکزی نکات پر ایک سال تک مزید عمل جاری رکھنے کے لیے تیار ہے تاکہ نئی اسلحہ دوڑ کو روکا جا سکے اور اسٹریٹجک ہتھیاروں کے میدان میں پیش گوئی اور استحکام برقرار رہے۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ امریکا بھی اسی جذبے کے ساتھ کام کرے اور ایسے اقدامات سے باز رہے جو طاقت کے توازن کو بگاڑ سکتے ہیں، جیسے کہ خلا میں میزائل شکن نظام کی تنصیب۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکا اس سمت میں مثبت اقدامات کرے تو یہ اقدام روس اور امریکا کے درمیان بامقصد اسٹریٹجک مکالمے کی راہ ہموار کر سکتا ہے