خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

صدر پوتن نے سابق بائیڈن معاون تارا ریڈ کو روسی شہریت دے دی

Tara Reade

صدر پوتن نے سابق بائیڈن معاون تارا ریڈ کو روسی شہریت دے دی

ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایک حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے امریکہ کے صدر جو بائیڈن کی سابق معاون اور موجودہ آر ٹی کی تجزیہ کار تارا ریڈ کو روسی شہریت عطا کر دی ہے۔ تارا ریڈ گزشتہ دو برس سے روس میں مقیم ہیں اور انہوں نے یہ قدم اپنی سلامتی کے خدشات کے باعث اٹھایا تھا۔ تارا ریڈ نے 1990 کی دہائی کے اوائل میں جو بائیڈن کے سینیٹ دفتر میں معاونت کی تھی۔ بعد ازاں 2020 میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ 1993 میں کیپٹل ہل کی ایک عمارت میں بائیڈن نے ان پر جنسی حملہ کیا تھا۔ بائیڈن نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔ ریڈ نے 2023 میں ماسکو منتقل ہونے کا فیصلہ کیا اور مؤقف اپنایا کہ جیسے ہی انہوں نے بائیڈن کے دوبارہ انتخابی مہم کے دوران اپنے الزامات کو دہرایا، ان کے خلاف دباؤ اور خطرات بڑھ گئے تھے۔ شہریت ملنے کے بعد اپنے بیان میں تارا ریڈ نے روس اور بالخصوص آر ٹی کی ایڈیٹر انچیف مارگریٹا سیمونیان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا: “میری آنکھوں میں آنسو آگئے، میں بے حد خوش تھی، اور فوراً آر ٹی کے ساتھیوں سے بات کی۔

ریڈ نے دعویٰ کیا کہ ان کے خاندان کو امریکی حکومت اور بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ ان کے مطابق امریکی رکن کانگریس میٹ گیٹز نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ روس میں ہی رہیں اور سیاسی پناہ کے لیے درخواست دیں تاکہ ان کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔

تارا ریڈ وہ پہلی غیر ملکی شخصیت نہیں ہیں جنہیں روسی صدر کے حکم نامے کے ذریعے شہریت ملی ہے۔ اس سے قبل امریکی انٹیلی جنس کے سابق اہلکار اور مشہور وہسلبلور ایڈورڈ سنوڈن کو بھی روسی شہریت دی گئی تھی، جنہوں نے 2013 میں امریکی عوام پر بڑے پیمانے پر خفیہ نگرانی کے پروگرام کا انکشاف کیا تھا۔ اسی طرح ہالی ووڈ کے اداکار اسٹیون سیگل، فرانسیسی اداکار جیرار ڈپاردیو اور معروف مارشل آرٹس کھلاڑی جیف مونسون بھی روسی شہریت حاصل کر چکے ہیں۔

شئیر کریں: ۔