اقوام متحدہ میں ٹرمپ کی آمد پر اسکیلیٹر بند ہونے کا معمہ حل
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں آمد کے دوران اسکیلیٹر بند ہونے کے واقعے پر وضاحت سامنے آگئی ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صدر ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ اور عملے کے ہمراہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پہنچے اور بالائی منزل پر جانے کے لیے برقی سیڑھی پر سوار ہوئے۔ اچانک اسکیلیٹر رک گیا، جس کے بعد صدر ٹرمپ اور خاتون اول کو سیڑھیاں چڑھ کر اوپر جانا پڑا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ ممکنہ طور پر صدر ٹرمپ کے ویڈیو گرافر نے نادانستہ طور پر حفاظتی طریقہ کار کو متحرک کر دیا تھا۔ انہوں نے وضاحت دی کہ صدر کی آمد کے وقت ویڈیو گرافر اسکیلیٹر پر پیچھے کی جانب حرکت کرتے ہوئے تصاویر لے رہا تھا، جس دوران حفاظتی بٹن دبنے کا خدشہ ہے۔ یہ بٹن اس لیے نصب کیا جاتا ہے تاکہ کسی شخص یا چیز کو گیئرنگ میں پھنسنے سے روکا جا سکے۔
صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر کے دوران اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ “یہاں آنے پر مجھے صرف ایک ٹوٹا ہوا اسکیلیٹر ملا، اگر خاتون اول کی صحت اچھی نہ ہوتی تو وہ گر جاتیں۔” انہوں نے اقوام متحدہ پر تنقید بھی کی اور کہا کہ اس ادارے کی کارکردگی اسکیلیٹر کی طرح رکی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔